اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُه

دفتری اوقات کار : سوموار تا ہفتہ: صبح 8 سے شام 4 بجے تک (وقفہ نماز 1 تا 2)۔تعطیل : اتوار

بارے میں

تعارف

وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان (المسجلۃ) اللہ تعالیٰ نے دین کی تبلیغ کے لئے روز اوّل سے تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری فرمایا اور اس کے لئے انبیاء و رسل کو مبعوث فرمایا اور آسمانی کتب و صحائف کو نازل فرمایا۔ سلسلہ نبوت کی خشت اول سیدنا حضرت آدم علیہ السلام ہیں اور یہ سلسلہ امام المرسلین خاتم النبین حضرت محمد مصطفی ﷺکی ذات بابرکات پر مکمل ہوا۔ آپ ﷺکے ظاہری پردہ فرمانے کے بعد یہ ذمہ داری صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے سرانجام دی اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کی تعلیم و تربیت کے لئے آقا کریمﷺنے خود مسجد نبوی میں پہلا مدرسہ صفہ کے نام سے قائم فرمایا جس میں اقامتی و غیراقامتی تشنگان علم کے لئے نظام موجود تھا۔ اسی مدرسہ صفہ کی روشن تاریخ کی مثالیں جامعہ نظامیہ (بغداد شریف)، جامعہ زیتونہ(مراکش)، جامعہ رضویہ منظر اسلام(بریلی شریف) اور جامعہ رضویہ مظہر اسلام(فیصل آباد) ہیں۔ مدرسہ صفہ کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے عصرِ حاضر میں قدیم و جدید علوم کی ترویج و اشاعت کے لئے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ الباکستان کا قیام ۲۸جمادی الثانی ۱۴۴۲ہجری بمطابق۰ ۱ فروری۱ ۲۰۲ء کو عمل میں لایا گیا۔

مقصد و مرام

  • مدارس اسلامیہ کو جدید طرز پر خدمت دین کے لئے رہنمائی فراہم کرنا۔
  • مدارس اسلامیہ میں مدرسین علوم دینیہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایسے اقدامات کرنا جس سے نئے مدرسین علوم دینیہ کی ایک بڑی کھیپ تیار ہو اور اہلسنت کی نظریاتی حدود کا تحفظ ممکن ہو۔
  • مدارس و جامعات کی احیاء حریتِ فکر کا تحفظ کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس و جامعات کے لئے یکساں نصاب تعلیم کا تعین کرنا۔
  • مدارس اسلامیہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپڈیٹ کرنا۔
  • عالمی سطح پر مدارس اسلامیہ کے خلاف سازشوں کا تدارک کرنا اور اس کے لئے منصوبہ سازی کرنا۔
  • ملک بھر میں زبوں حالی کا شکار مدارس اہل سنت بالخصوص بلوچستان، آزاد کشمیر، کے پی کے، اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں مدارس اہل سنت کو اپ گریڈ کرنا۔
  • گلگت، بلتستان میں باقاعدہ طور پر مدارس اہل سنت قائم کرنا۔
  • اسلام میں عورتوں کو دیئے گئے حقوق کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں مدارس اہل سنت (طالبات) میں کمپیوٹر کورسز، ٹیکنیکل کورسز، امور خانہ داری و دیگر مفید کورسز پر خصوصی توجہ دینا اور اس کے لئے ہنگامی اقدامات کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس کو طے کردہ ضابطہ کے مطابق مالی معاونت فراہم کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس سے فارغ التحصیل علماء و فضلاء کے لئے سرکاری و نجی اداروں میں ملازمت کے حصول کے لئے سعی کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے لئے اعلیٰ تعلیم (ایم فل و پی ایچ ڈی) کے لئے اسکالر شپ کا اجراء کرنا اور بیرون ممالک حصول تعلیم کے لئے سعی کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس کے اساتذہ کرام کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قابل قدر وظیفہ کے لئے عملی اقدامات کرنا۔
  • قومی و بین الاقوامی جامعات میں مدارس اہل سنت کے طلباء و طالبات کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کرنا۔
  • دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دینا۔
  • وفاق خالصتاً ایک تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہو گا جو کہ مکمل طور پر غیر سیاسی ہو گا۔
  • جدید تعلیمی اداروں اور مدارس اسلامیہ کے مابین بڑھتے ہوئے فاصلوں کو کم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنا۔
  • واق سے ملحقہ مدارس میں بین المدارس مقابلہ جات برائے تلاوت، نعت شریف، تقریر، سپورٹس کے لئے اقدامات کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ خواتین کے مدارس کے جملہ انتظام و انصرام کی بابت شعبہ خواتین قائم کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ جملہ مدارس میں دہشتگردی کے تدارک، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے حوالے سے عملی اقدامات کرنا۔
  • وفاق سے ملحقہ مدارس میں دو قومی نظریہ کی بقاء اور وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی اساس سے وفاداری کا شعور پیدا کرنا۔
  • وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی مشاورت سے مدارس کے لئے تعلیمی پالیسیاں بنانا۔